kitab ghar website logo





Don't Like Unicode ?  Read in Nastaleeq from Image Pages or Download the PDF File

 

Kitaabghar Blog:
Kitaabghar launched a Blog for discussion of urdu books available online on kitaabghar.com or any other website. Readers can also share views and reviews of books of their choice and promote their favourite writers. This is not limited to urdu books.



جینی

 

(شفیق الرّحمٰن)

 

 


جی بی میرا گہر ا دوست تھا، ہم دونوں ہم عمر تھے، ہمار ے خیالات یکساں تھے۔ میں خاموش ہوگیا۔ دیر تک خطوط کا چرچا رہا، لیلیٰ کئی دن کالج میں نہیں آئی تنہا گوشوں میں بیٹھ کر رویا کرتی۔ اس نے کسی سے کچھ نہیں کہا.... جو کچھ اسے کہا گیا اس نے خاموشی سے برداشت کیا۔
جی بی نے لیلیٰ کی سہلیوں کی منتیں کیں کہ اسے سمجھائیں، کسی طرح اسے دور رکھیں۔ اس نے ان راستوں سے گزرنا چھوڑ دیا جہاں لیلیٰ کے نظر آنے کا احتمال ہوتا، اپنے کمرے کی وہ کھڑکیاں مقفل کردیں جو سڑک کی طرف کھلتی تھیں جن کی طرف سے لیلیٰ گزرتے ہوئے دیکھ لیا کرتی۔
ایک دن مجھے ترس آگیا، میں جی بی سے خوب لڑا، جہاں ہم اتنی لڑکیوں سے ملتے رہتے ہیں وہاں کبھی کبھی لیلیٰ سے مل لینے میں کیا حرج ہے۔وہ بولا.... تمہیں معصومیت اور سادگی پسند ہے مجھے نہیں۔ مجھے نا پخت اور الھڑ لڑکیاں اچھی نہیں لگتیں۔ ذرا ذرا سی بات پر آنسو نکل آتے ہیں۔ خوش ہوئیں تو رونے لگیں۔ غمگیں ہوئیں تو آنسو بہنے لگے۔ دنیا کی کسی چیزکا بھی انہیں علم نہیں۔ ہر چیز خود بتانی پڑتی ہے اور میرے پاس اتنا وقت نہیں مجھے تجربہ کار اور کھیلی ہوئی لڑکیاں زیادہ پسند ہیں۔
جی بی کو اس رویے کا اثر یہ ہوا کہ لیلیٰ اسے سے ڈرنے لگی، وہ اسے دور دور سے دیکھتی کہیں آمنا سامنا ہوتا تو رہ کترا جاتی۔ دوسروں سے جی بی کے متعلق پوچھتی رہی، کئی مرتبہ میں نے خود اسے جی بی کے بارے میں باتیں بتائیں اس کی تصویریں بھی دیں جس پر وہ مجھ سے خفا ہو گیا۔
پھر جی بی کو کچھ عرصہ کے لئے اپنی تعلیم چھوڑ دینی پڑی۔ اس کے کچھ رشتہ دار دوسرے ملک میں بہت بڑے تجار تھے۔ اسی سلسلے میں جی بی کے والداسے باہر بھیجنا چاہتے تھے اور ا ن کے لئے تعلیم اتنی اہم نہ تھی۔ہم دونوں کو ایک دوسرے سے بچھڑنے کا بہت افسوس ہوا۔ ایک شام ہم اداس بیٹھے تھے کہ میں نے اسے لیلیٰ سے آخری مرتبہ ملنے کو کہا، اس نے انکار کردیا۔ جب میں نے پرانی دوستی کا واسطہ دیا تو وہ راضی ہو گیا۔ میں نے لیلیٰ کو بتایا تو اسے یقین نہ آیا۔ اس نے آنسو خشک کئے۔ اپنا بہترین لباس پہنا۔ سہیلیوں سے مانگ کر زیور پہنے، ان کے مشورے سے سنگار کیا۔ اپنے چہرے پر مسکراہٹ اور دل میں آرزوئیں لئے اپنے محبوب سے ملنے گئی۔ اس رات بی جی پئے ہوئے تھے، بعد میں اس نے بتایا کہ اس نے محض میری وجہ سے پی تھی تاکہ وہ لیلیٰ سے پیار بھری باتیں کر سکے۔
اس نے لیلیٰ سے بہت سی باتیں کیں، اسے ہمیشہ مسرور رہنے کو کہا، جلد لوٹنے کے وعدے کیے۔ لیلیٰ کو ایک بار پھر اس فردوس گمشدہ کی جھلک دکھا دی جسے محبت کے پہلے بوسے نے تخلیق کیا تھا۔ لیلیٰ نے اقرار کیا کہ وہ ہمیشہ خوش رہے گی اور اس کا انتظار کرے گی ۔ اگر اس کی وجہ سے جی بی کو کوئی تکلیف پہنچی ہو تو وہ سزا کی طالب ہے اگر جی بی حکم دے تو وہ کہیں دور چلی جائے۔ اگر وہ چاہے تو لیلیٰ مر جائے۔ جداہوتے وقت اس نے اپنا رومال جی بی کو نشانی کے طورپر دیا۔ یہ رومال جی بی نے مجھے دے دیاکہنے لگا ”شاید تمہارے پاس محفوظ رہے ورنہ میں تو اسے کہیں ادھر ادھر پھینک دوں گا۔“ رومال سے بھینی بھینی خوشبوآرہی تھی۔ ایک کونے میں سرخ دھاگے سے ننھا سا دل بنا ہوا تھا جسے لیلیٰ نے خود کاڑھا تھا۔
جی بی کے چلے جانے پر لیلیٰ ذرا بھی غمگین نہ ہوئی، اس کے وعدوں کو دل سے لگائے انتظار کرتی رہی ۔ یہ انتظار طویل ہوتا گیا۔ پتے زرد ہوکر گرپڑے، پھول مرجھا گئے، ٹہنیاں لنج منج رہ گئیں، خراں آگئی وہ نہ آیا۔ جھکڑ چلے سوکھے پتے اڑنے لگے۔ گردو غبار نے آسمان پر چھا کر چاندنی اوس کردی، تاروں کو بے نور کردیا، وحشتیں پھیل گئیں.... وہ نہ آیا۔
کونپلیں پھوٹیں، ہریالی میں پیلی پیلی سرسوں پھولی، رنگین تتلیاں اڑنے لگیں، غنچے مسکرانے لگے، پرندوں کے نغموں سے ویرانے گونج اٹھے، بہار آگئی۔ لیکن وہ نہ آیا۔
دن لمبے ہوتے گئے، لمبی لمبی جھڑیاں لگیں۔ سفید بگلوں کی قطاریں سیاہ گھٹاؤں کو چیرتی ہوئی گزر گئیں۔ نیلے بادل آئے اور برس کر چلے گئے۔ جھیلوں کے کنارے قوس قزح سے رنگیں ہو گئے.... لیکن وہ پھر بھی نہ آیا۔
بہت دنوں تک لیلیٰ کھوئی سی رہی۔ بہت دیر کے بعد وہ سب کچھ سمجھ سکی۔ جب جی بی لوٹا تو وہ سنبھل چکی تھی۔۔

 

Go to Page:

*    *    *

Jeeni by Shafiq ur Rehman, well known urdu afsana nigar, and story writer

Go to Page :

Download the PDF version for Offline Reading.(Downloads )

(use right mouse button and choose "save target as" OR "save link as")

A PDF Reader Software (Acrobat OR Foxit PDF Reader) is needed for view and read these Digital PDF E-Books.

Click on the image below to download Adobe Acrobat Reader 5.0


[ Link Us ]      [ Contact Us ]      [ FAQs ]      [ Home ]      [ FB Group ]      [ kitaabghar.org ]   [ Search ]      [ About Us ]


Site Designed in Grey Scale (B & W Theme)