kitab ghar website logo





Don't Like Unicode ?  Read in Nastaleeq from Image Pages or Download the PDF File

 

Kitaabghar Blog:
Kitaabghar launched a Blog for discussion of urdu books available online on kitaabghar.com or any other website. Readers can also share views and reviews of books of their choice and promote their favourite writers. This is not limited to urdu books.



لحاف

 

(عصمت چغتائی)

 

 


”اوئی.... تو کیا میں کھا جاؤں گی....کیسا تنگ سویٹر بنا ہے!“ گرم بنیان بھی نہیں پہنا تم نے.... میں کلبلانے لگی۔
”کتنی پسلیاں ہوتی ہیں....“ انہوں نے بات بدلی۔
”ایک طرف نو اور ایک طرف دس“ میں نے اسکول میںیاد کی ہوئی ہائی جین کی مدد لی ۔ وہ بھی اوٹ پٹانگ۔
”ہٹالو ہاتھ....ہاں ایک....دو....تین....“
میرا دل چاہا کس طرح بھاگوں.... اور انہوںنے زور سے بھینچا۔
”اوں.... “ میں مچل گئی....بیگم جان زور زور سے ہنسنے لگیں۔ اب بھی جب کبھی میں ان کا اس وقت کا چہرہ یاد کرتی ہوں تو دل گھبرانے لگتا ہے۔ ان کی آنکھوں کے پپوٹے اور وزنی ہوگئے۔ اوپر کے ہونٹ پر سیاہی گھری ہوئی تھی۔باوجود سردی کے پسینے کی ننھی ننھی بوندیں ہونٹوں پر اور ناک پر چمک رہی تھیں۔ اس کے ہاتھ یخ ٹھنڈے تھے۔ مگر نرم جیسے ان پر کھال اتر گئی ہو۔ انہوںنے شال اتار دی، اور کار گے مہین کرتے میں ان کا جسم آٹے کی لونی کی طرح چمک رہا تھا۔ بھاری جڑاؤ سونے کے گرین بٹن گربیان کی ایک طرف جھول رہے تھے۔ شام ہو گئی تھی اور کمرے میں اندھیرا گھٹ رہا تھا۔ مجھے ایک نا معلوم ڈر سے وحشت سی ہونے لگی۔ بیگم جان کی گہری گہری آنکھیں۔ میں رونے لگی دل میں۔ وہ مجھے ایک مٹی کے کھلونے کی طرح بھینچ رہی تھیں۔ ان کے گرم گرم جسم سے میرا دل بولانے لگا۔ مگر ان پر تو جیسے بھتنا سوار تھا۔ اور میرے دماغ کا یہ حال کہ نہ چیخا جائے، اور نہ رہ سکوں۔ تھوڑی دیر کے بعد وہ پست ہوکر نڈھال لیٹ گئیں۔ ان کا چہرہ پھیکا اور بد رونق ہو گیا۔ اور لمبی لمبی سانسیں لینے لگیں۔ میں سمجھی کہ اب مریں یہ اور وہاں سے اٹھ کر سرپٹ بھاگی باہر۔
شکر ہے کہ ربو رات کو آگئی اور میں ڈری ہوئی جلدی سے لحاف اوڑھ کر سو گئی مگر نیند کہاں چپ گھنٹوں پڑی رہی۔
اماں کسی طرح آہی نہیں چکی تھیں۔ بیگم جان سے مجھے ایسا ڈر لگتا تھا کہ میں سار ا دن ماماؤں کے پاس بیٹھی رہی مگر ان کے کمرے میں قدم رکھتے ہی دم نکلتا تھا اور کہتی کس سے اور کہتی ہی کیا کہ بیگم جان سے ڈر لگتا ہے۔ بیگم جان جو میرے اوپر جان چھڑکتی تھیں۔
آج ربو میں اور بیگم جان میں پھر ان بن ہوگئی....میری قسمت کی خرابی کہیے یا کچھ اور مجھے ان دونوں کی ان بن سے ڈر لگا۔ کیونکہ رات ہی بیگم جان کو خیال آیا کہ میں باہر سردی میں گھوم رہی ہوں اور مروں گی نمونیہ میں۔
”لڑکی کیا میرا سر منڈوائے گی۔ جو کچھ ہوا ہو گیا، تو اور آفت آئے گی۔“
انہوں نے نے مجھے پاس بٹھالیا۔ وہ خود منہ ہاتھ سلفچی میں دھو رہی تھیں، چائے تپائی پر رکھی تھی۔
”چائے تو بناؤ.... ایک پیالی مجھے بھی دینا....وہ تولیہ سے منہ خشک کر کے بولیں ذرا کپڑے بدل لوں۔“
وہ کپڑے بدلتی رہیں، اور میں چائے پیتی رہی۔ بیگم جان نائن سے پیٹھ ملواتے وقت اگر مجھے کسی کام سے بلواتیں، تو میں گردن موڑے جاتی۔ اور واپس بھاگ آتی۔ اب جو انہوں نے کپڑے بدلے، تو میرا دل الٹنے لگا۔ منہ موڑے میں چائے پیتی رہی۔
”ہائے اماں.... میرے دل نے بے کسی سے پکارا....آخر ایسا بھائیوں سے کیا لڑتی ہوں، جو تم میری مصیبت.... اماں کو ہمیشہ سے میرا لڑکوں کے ساتھ کھلینا نا پسند ہے۔ کہو بھلا لڑکے کیا شیر چیتے ہیں۔ جو نگل جائیں گے ان کی لاڈلی کو .... اور لڑکے بھی۔ کون خود بھائی اور دو چار سڑے سڑائے ان ذرا ذرا سے ان کے دوست مگر نہیں، وہ تو عورت ذات کو سات سالوں میں رکھنے کی قائل اور یہاں بیگم جان کی وہ دہشت کہ دنیا بھر کے غنڈوں سے نہیں۔ بس چلتا، سو اس وقت سڑک پر بھاگ جاتی، پھر وہاں نہ ٹکتی۔ مگر لاچار تھی۔ مجبور کلیجہ پر پتھر رکھے بیٹھی رہی۔“
کپڑے بدل کر سولہ سنگھار ہوئے اور گرم گرم خوشبوؤں کے عطر نے اور بھی انہیں انگارا بنا دیا، اور وہ چلیں مجھ پر لاڈ اتارنے۔
”گھر جاؤں گی....“ میں نے ان کی ہر رائے کے جواب میں کہا اور رونے لگی۔ ”میرے پاس تو آؤ....میں تمہیں بازار لے چلوں گی....سنو تو....“۔

 

Go to Page:

*    *    *

Lehaf by Asmat Chightai, well known urdu afsana nigar, and story writer

Go to Page :

Download the PDF version for Offline Reading.(Downloads )

(use right mouse button and choose "save target as" OR "save link as")

A PDF Reader Software (Acrobat OR Foxit PDF Reader) is needed for view and read these Digital PDF E-Books.

Click on the image below to download Adobe Acrobat Reader 5.0


[ Link Us ]      [ Contact Us ]      [ FAQs ]      [ Home ]      [ FB Group ]      [ kitaabghar.org ]   [ Search ]      [ About Us ]


Site Designed in Grey Scale (B & W Theme)