|
.
(۱۴) طوربے طورہونا۔
طورطریقہ کوکہاجاتا ہے اسی لئے طوربے طورکہتے ہیں اوراِس سے مُراد سلیقہ ہوتا ہے اچھا ڈھنگ ہوتا ہے اب اگرکسی وجہ سے بے ڈھنگا پن پیدا ہوجاتا ہے اوربات بے تُکی نظر آتی ہے۔ تواُسے طور بے طور ہونا کہتے ہیں ہم اِس محاورے سے اندازہ کرسکتے ہیں کہ معاشرہ ہمارے انسانی رویوں جومعاشرتی رویہ بن جاتے ہیں کس طرح نظر رکھتا ہے اورگفتگو کی جاتی ہے۔
(۱۵) طُوطی بولنا۔
’’طوطی‘‘ ایران کا ایک پرندہ ہے جس کی آواز بہت خوبصورت ہوتی ہے وہ طوطے کی طرح کہانیوں کا ایک کردار بن جاتا ہے جب موسم بہار آتا ہے توایران کے پرندے اورخاص طورپر ’’طوطی‘‘ بہت خوش آوازی سے بولتا ہے اوربہار کے آنے کا اعلان کرتا ہے وقت آتا ہے اوراُس کی شہرت ہوتی ہے توکہتے ہیں کہ اُس کاطوطی بول رہا ہے یعنی اُس کی زندگی میں بہار آئی ہوئی ہے۔
(۱۶)طوفان اُٹھانا، طوفان اُٹھنا۔
غیرصورتِ حال کا پیدا ہوجانا جس میں کسی فردیا کسی جماعت کا عمل شریک ہواوروہ دانستہ عمل ہو جُھوٹ بول کر فریب دیکر سازشیں کرکے جوپریشان کُن صورت حال پیدا کی جاتی ہے اُس کو طوفان کھڑا کرنا ’’طوفان اٹھانا‘‘ کہتے ہیں کہ صاحب اُس نے طوفان اُٹھادیا ہنگامہ برپا کردیا۔ عام پبلک کے پاس زبان ہوتی ہے ذہن نہیں ہوتا کہ وہ صحیح فیصلہ کرسکے اسی لئے وہ ہنگامہ بڑھتا جاتا ہے اس اعتبارسے ہ بہت اہم محاورہ ہے اورسماج کی نفسیات اورعمل ورد عمل کی نشاندہی کرتا ہے طوفان آنا غیرمعمولی صورتِ حال ہے لیکن اُس کا رشتہ سماجی عمل سے نہیں ہے۔
(۱۷) طومارباندھنا۔
کسی بات کو کسی خاص غرض کے تحت آگے بڑھانا اوراُس پر زوردیتے رہنا ’’طومار‘‘ باندھنے کے ذیل میں آتا ہے اورکہتے ہیں کہ انہوںنے توخواہ مخواہ الزامات یا پھرتعریفو ںکا طومار باندھ دیا۔
(۱۸) طویلے کی بلا بند رکے سرپڑنا۔
کسی کی ذمہ داری کسی دوسرے پرڈال دینا اوریہ کام بدنیتی سے یا اِرادے کے طورپر کرنا ’’طویلہ‘‘ ایک خاص اِصطلاحی لفظ ہے اورگُھڑسال کو’’طویلہ‘‘ کہتے ہیںامیروں راجاؤں اوربادشاہوں کے ساتھ گھوڑوں کی ایک بڑی تعدادرہتی تھی جہاں وہ باندھے اوررکھے جاتے تھے۔ اُس کو طویلہ کہتے تھے ہندوستان میں’’گھڑسال‘‘ کہتے ہیں۔ اِس سے متعلق اگراچھی بُری کوئی بات ہوتی تھی اُس کابندر سے کوئی رشتہ نہیں لیکن لوگوں کا رویہ کچھ اس طرح کا ہوتا ہے کہ اس کا الزام اُس کے سرپر رکھ دیا اسی سے یہ محاورہ بن گیا کہ’ ’طویلے‘‘ کی بلا بند کے سرپر یعنی ذمہ دارکوئی اورہے اورکسی دوسرے کو اُس کا ذمہ دار ٹہرا یا جارہا ہے جس کا اس سے کوئی تعلق نہیں اِس کو بھی سماجی نفسیات اورطریقہ فکر وعمل کا ایک نمونہ کہنا چاہئیے۔
٭٭٭
|