|
.
اس سے ہم یہ بھی سوچ سکتے ہیں کہ ہمارے محاوروں میں زیادہ تراُن باتوں کا حوالہ آتا ہے اوراُن چیزوں کی طرف اشارہ کیا گیا ہے جوہماری زندگی میں داخل تھیں اوراُن سے کوئی اچھا بُرا اثرہمارے ذہنوں پر پڑتا تھا اِس دورِزندگی اوراُس زمانے کی تصویر کسی نہ کسی حدیث سے ہمارے سامنے آتی تھی۔ عقل کی دُم بھی ہونا اس کی طرف اشارہ کرنیوالا محاورہ ہے کہ عقل بالکل نہیں ہے یا اُن کی عقل گُدی کے پیچھے ہے جوعقل سے متعلق ایک اورمحاورہ ہے اوراُس کے نہ ہونے کی طرف اشارہ ہے۔
(۶)عِلّت لگانا، علت لگالینا، علت میں پڑنا۔
عِلّت محاورہ میں عیب داری کوکہتے ہیں کوئی بھی ایسا سماجی کام یا برائی ہوسکتی ہے جوآدمی کواپنے پیچ وپیچاک میں اُلجھا دیتی ہے یہ اُس کے لئے کہتے ہیں کہ اس نے تواپنے ساتھ یہ علت لگارکھی ہے یاوہ اُس عِلت میںپڑا ہوا ہے یا پھرکون یہ علت اپنے ساتھ لگائے علت کو مختصر طورپر لت بھی کہتے ہیں مثلا ًاُسے شراب پینے کی لت لگی ہوئی ہے یا وہ جُوئے بازی کی لت میں پڑا ہوا ہے یا اُس کو مقدمہ بازی کی لت تھی یہ علت یا برائی کے معنی میں استعمال ہوتے ہیں۔
(۷) عمربھر کی روٹیاں سیدھی کرلینا۔
ہمارے معاشرے میں نکمے اورکم ہمت لوگ بہت ہوتے ہیں اورجسے اخلاقی توازن کہتے ہیں وہ ہمارے ہاں اکثر وبیشتر انفرادی اوراجتماعی رویوں میں مفقودہے۔ اسی لئے لوگ کوئی ایسا حیلہ ڈھونڈتے ہیں کہ جیسے بھی ہو اچھا بُرا غلط اورصحیح مگر اُن کی گذر ہوجائے اسی کو روٹیاں سیدھی کرنا توایسے لوگوں کے لئے اوربھی بڑی بات ہے اب وہ فریب سے ہویا بے غیرتی سے جوبھی حربہ کام آئے۔
(۸) عمر پٹہ لکھوانا۔
دستاویزلکھوانے کوکہتے ہیں اب عمر بھر کے لئے توکوئی دستاویز معقول سطح پر لکھی نہیں جاسکتی اسی لئے جس کی عمریں زیادہ ہوتی ہیں اُن کے لئے طنزیہ طورپر کہتے ہیں کہ کیا عمر بھر کا پٹہ لکھوا کر لائے ہو جوتمہارا کام برابرہوتا رہے۔
(۹) عمر کا پیمانہ بھرجانا یا لبریز ہوجانا۔
جب آدمی کی عمر ختم ہوجاتی ہے تواسے عمر کا پیمانہ بھرجانا یا لبریز ہوجانا کہتے ہیں یہ اس وقت کی ایک اہم بات ہے جب وقت کو پیمانوں سے ناپا جاتا تھا کہ کٹورے میں ایک باریک ساسُوراخ کردیا جاتا تھا اس سے پانی رس رس کر کٹورے میں بھرتا رہتا تھا یہاں تک کہ وہ وہ کٹورا یا پیمانہ لبریز ہوجاتا تھا تووہ یہ سمجھتے تھے کہ اتنا وقت گذرگیا اس سے زندگی کو ایک پیمانہ قرار دیکر یہ محاورہ بنا یا گیا کہ عمر کا پیمانہ لبریزہوگیا اِس سے یہ سمجھ میں آتا ہے کہ محاورے کس طرح بنتے ہیں اوراُن کے پس منظر میں کیا سچائیاں موجودہیں اوران کے معنی اورمعنویت کیا ہے۔
(۱۰) عمل بیٹھ جانا یا عمل پڑھنا۔
ہمارے ہاں معاشرے میں حسن عقید ت کے طورپر یہ بھی خیال پایا جاتا ہے کہ فلاں عمل پڑھنے سے اورایک خاص وقت پر اس کو بار بار پڑھنے سے وہ کام بن جاتے ہیں جو بظاہر بہت مشکل ہوتے ہیں یاہوتے نظر ہی نہیں آتے یہ بھی خیال کیا جاتا ہے کہ بعض عمل پڑھنے میں کیسی غلطی یا خرابی کی وجہ سے اُلٹ جاتے ہیں اورعمل پڑھنے والا کسی نہ کسی تکلیف یا نقصان کا شکار ہوجاتا ہے اب تواس کا رواج کچھ کم ہوگیا پہلے یہ باتیں اکثرسننے میں آتی تھیں اورلوگ عمل پڑھتے نظر آتے تھے۔
|