|
ردیف’’غ‘‘
(۱) غار ت ہونا، غارت کرنا۔
ہمارے ہاں وسطی عہدمیں راہ زنی اورغارت گری بھی مختلف علاقوں اور گروہوں نے بطورِ پیشہ اختیار کرلی اسی لئے ہمارے ہاں جرائم پیشہ کا لفظ آتا ہے اوراس سے مراد وہ لوگ وہ ذاتیں اورقبائلی گروہ ہوتے ہیں جوطرح طرح کے جرائم میں اُلجھے ہوئے نظر آتے ہیں اُن کے غول کے غول کبھی غارت گری کرتے ہوئے آتے تھے شہرو ںاوربستیوں پرٹوٹ پڑتے تھے یہاں تک کہ رات کو پچاس وپچاس کوس تک کسی بستی میں چراغ نہیں جلتا تھا کہ لوٹ مارکرنیوالے نہ آجائیں اِس محاورے میں اسی صورتِ حال کی طرف اشارہ ہے یہ لفظ دراصل غارت گرہے جیسے مغربی یوپی کے لوگ غارت غورکہتے ہیں۔ زکا حرف ل میں بدل جاتا ہے اس اعتبار سے یہ غارت غول ہوگیا۔ اورمحاورہ بن گیا۔یہاں یہ کہنے کی ضرورت نہیں کہ بعض محاورے اس وقت کی صورتِ حال پر روشنی ڈالتے ہیں اورتاریخی سچائیوں کو اپنے اندرسمیٹے رہتے ہیں۔
(۲) غازی مرد۔ ’’غزوہ‘‘ اُس جنگ کو کہتے ہیں جس میں حضورؐ نے شرکت فرمائی ہوئی تھی جیسے غزوۂ بدر، غزوۂ خندق اور غزوۂ احد رفتہ رفتہ یہ تصورایسی جنگوں کا ترجمان بن گیا جو مذہبی مقاصد کے لئے ہوتی ہیں یا ظاہر کی جاتی ہیں اوران میں شرکت کرنیوالے غازی کہلاتے ہیں اسی لئے غازی کا لفظ مسلمانوں میں بہت بہادر اورمذہبی جنگ میں حصّہ لینے والے کے لئے آتا ہے اوراپنے نام میں بھی احترام کے طورپر اس کو شامل کیا جاتا ہے یا دوسرے شامل کرتے ہیں جیسے غازی مصطفی کمال پاشا یا غازی امام اللہ خان وغیرہ غازی مرد کہنا محاورہ ہے اوراس کے معنی ہیں بہادر آدمی مذہب کے لئے لڑنیوالا انسان اِس سے ظاہرہوتا ہے کہ یہ مسلم کلچر رکھنے والا خاص محاورہ ہے۔
(۳) غائب غُلّہ کردینا، غتر ابودکرنا۔
ہمارے عام محاورات میں سے ہے جب آدمی کسی بات یا کسی سچائی کو چُھپانا چاہتا ہے تواُس پر طرح طرح سے پردہ ڈالتا ہے اوراِدھر اُدھر کے مسائل میں یا باتوں میں اصل بات کواُلجھاتا ہے۔ اوراس طرح سچ پر پردے ڈال دیتا ہے تووہ اُسے غائب غلہ کردینا کہتے ہیں اوریہ گویا عام آدمی کا طرز عمل ہوتا ہے جووہ سچائی کو چُھپانے کے لئے اختیار کرتا ہے اس میں سب ہی شریک نظر آتے ہیں۔’’غترآلود‘‘ کرنا بھی غائب غلہ کردینے کے معنی ہی میں آتاہے۔
(۴) غپ شپ کرنا۔
ہمارے ہاں اکثرلوگوں کو باتیں کرنے اورباتیں بنانے کا شوق ہوتا ہے ہم چاہے دوکانوں کے پھٹے پر بیٹھ کر باتیں کریںیا کسی پارک میں یا بیٹھک میں یا چوپال میں جب لوگ بیٹھ کر باتیں کریں گے توادھر ادھر کی ضروری اورغیر ضروری باتیں بھی ہونگیں قصے کہانیاں لطیفہ چٹکلے حکایتیں روایتیں شعروشاعری اخبار اشتہار سبھی کچھ تواس میں آجائے گا اورکام کی باتیں بہت کم ہونگیں اسی کوغپ شپ کرنا کہتے ہیں اورغپ شب لڑانا بھی اور نچلی سطح پر اترکر گپ بازی کرنا یا گپ مارنا بھی گپ کے ساتھ گپ ہانکنا بھی آتا ہے اس سے ہم سماج کی نچلی سطح پربات چیت اورہنسی مذاق کا جوڈھنگ ہوتا ہے اُسے بھی سمجھ سکتے ہیں۔
|