|
.
کہ وہ جب بھی موقع آتا ہے اپنی حیثیت سے زیادہ خرچ کرتے ہیں اسی موقع پر سماج کا یہ طنز سامنے آتا ہے کہ وہ جو لنگوٹی میں پھاگ کھیلتے ہیں ’’پھاگ کھلنا‘‘’’رنگ رلیاں‘‘ مناتاہے یعنی انتہائی غریبی میں بھی اُن کا جی چاہتا ہے وہ من چاہی رنگ رلیاں منائیں اورخرچ اخراجات کا خیال نہ کریں یہاںتک کہ قرض لے لیں۔ دوسروںسے مانگ لیں۔
(۲۲) لُولُوبنانا۔
ہمارے یہاں ناموں کو بگاڑا جاتا ہے یہ لاڈوپیار میں بھی ہوتا ہے اورہنسی مذاق میں بھی اور طعنہ اور تضحیک میں بھی ’’لولو‘‘ ایک ایسا ہی نام ہے لال سے لالوبنااورلالو کو’’للو ‘‘لولو کردیا اُس کے معنی ہیں۔ احمق بیوقوف اب کسی کو ہم مذاق اُڑانے کی غرض سے لولو بناتے ہیں یعنی ہنسی مذاق میں اس کے ساتھ وہ سلوک کرتے ہیں جویہ ظاہرکرے کہ یہ آدمی توبہت احمق ہے اس اعتبارسے یہ محاورہ سماج کے ایک رویہ کا اظہارہے اوراس میں غیرسنجیدہ اورغیرمخلصانہ طریقہ عمل کی طرف اشارہ ہے۔
(۲۳) لوہا لاٹھ ہوجانا۔
بہت سخت ہوجانا دہلی میں لوہے کی ایک لاٹھ بھی ہے یہ ایک تاریخی حقیقت ہے ایک اس سے عوام سے اورخاص طور پر دہلی کے عوام نے ایک نئے معنی نکال لئے اوروہ سخت ہوجانے کے ہیں بہت ہی سخت جب کوئی چیز بہت ہی سخت ہوجاتی ہے تواسے لوہا لاٹھ ہوجانا کہتے ہیں۔ لاٹھ مینار کی شکل جیسی کسی شے کو کہتے ہیں دہلی والے قطب مینار کو قطب کی لاٹھ کہتے ہیں۔
(۲۴) لوہے کے چنے چبانا۔
بہت سخت اورمشکل کام کرنا چنے چبانا بھی ایک مشکل کام ہی ہوتا ہے جس کو کرنے میں تکلیف زیادہ ہوتی یہ اورراحت برائے نام یہ ہمارے معاشرے کا گویا ایک عام تجربہ ہے اس کو مبالغہ کے طرز پر آگے بڑھایا بلکہ غلوکاانداز پیدا کردیا کہ یہ تولوہے کے چنے چبانا ہے۔اب یہ ظاہرہے کہ یہ محاورہ اُن لوگوں میں زیادہ رائج ہونا چاہیے جولوہے کے کام اور اس کے ہتھیاروں اوزاروں سے زیادہ واسطہ رکھتے تھے۔
(۲۵)لوہے کی چھاتی اورپتھرکا جگرکرلینا۔
بہت بڑی آزمائش سے گذرنا ، چھاتی یاسینہ یہاں تک بطورِ تشبیہہ آیا ہے اُسے ہم استعاراتی انداز کہہ سکتے ہیںپتھربھی سخت ہوتا ہے اوربے حس ہوتا ہے یہی حال لوہے کا ہے کہ وہ سخت بھی ہے۔ اوربھاری بھی جب کسی بہت بری بات کو برداشت کرنا ہوتا ہے اس کے لئے ظاہر ہے کہ ہرنیچر کا آدمی نہیں کرسکتا کوئی خاص ہی آدمی ہوگا جوبے حد ضبط اورحدسے زیادہ صبر رکھتا ہووہی برداشت کرسکتا ہے۔
(۲۶) لہوپانی ایک کرنا، یا لہوسینہ ایک کرنا۔
یہ بھی ہر بھر محنت کرنا زحمت اُٹھانا اورتکلیفیں برداشت کرکے کسی کام کو انجام دینا ہے اسی لئے کہتے ہیں کہ اس نے تولہوپسینہ ایک کردیا۔ لہو بے حد قیمتی شے ہے اوراُس کے مقابلہ میں پانی یا پسینہ بہت کم قیمت چیز ہے مگراس نے محنت ومشقت برداشت کرنے میں کوئی کسراٹھانہیں رکھی۔ لہو پسینہ ایک کردیا اسی کو لہو پانی کرنا کہتے ہیں۔
(۲۷)لہو خشک ہوجانا۔
جب خوف ودہشت یا شدید نقصان کے خیال سے آدمی سکتہ میں آجاتا ہے اُس حالت کو لہوخشک ہوناکہتے ہیں اوراسی کے لئے کہا جاتا ہے کہ کاٹو توبدن میں لہونہیں۔ اس کے مقابلہ میں جوایک نفسیاتی تجربہ یا تجزیہ ہے لہو سفید ہونا خون سفید ہونا ایک سماجی رویہ پر تبصرہ ہے اوریہ عام طورسے اپنوں کی بے مروتی اوربے تعلقی کی شکایت ہوتی ہے اورکہا جاتا ہے کہ آج کل توعزیزوں کا لہویا خون سفید ہوگیا ہے
|