|
.
(۷) مال اُڑانا یا مارنا۔
مال پربہت سارے محاورے ہیں اس امر کی طرف اُن سے اشارہ ملتا ہے کہ جوچیز زندگی میں جتنی اہمیت رکھتی ہے اتنا ہی اس کا ذکر آتا ہے مثلاً مال اُڑانا، مال حاصل کرنا، مالا مال ہونا مال بامعنی شے بھی آتا ہے ذوق کا مصرعہ ہے ۔ سب گھٹادیتے ہیں مُفلس کے غرض مال کا قول فریب اوردغابازی سے مال لے لینا مال ہاتھ آنا یا دولت حاصل ہونا مال کی گٹھری ہونا یعنی بہت سا مال ہونا۔ مال اس کے ’’پلّٰے‘‘ بہت ہے ’’پلّٰے‘‘ کے معنی یہاں ’’پاس‘‘ یا نزدیک کے ہیں۔یہ محاورے بھی اسی ذیل میں آتے ہیں۔
(۸) مٹرگشت کرنا۔
بے تکلفی سے ملنے ملانے یا کسی جگہ کی سیر کرنے کے لئے گھومنے پھرنے کو مٹرگشت کرنا کہتے ہیں کہ وہ تویونہی مٹرگشت کے لئے نکل جاتے ہیں اس سے واضح ہوتا ہے کہ محاورات میں بعض ایسے پہلوؤں پربھی نظر رکھی جاتی ہے اورانہیں محاورات میں سمویا جاتا ہے جوہمارے معاشرے میں قابل توجہ ہوتے ہیں مٹر گشت کرنا اسی ذیل میں آتا ہے اورایک اچھا خوبصورت محاورہ ہے۔
(۹) مٹی خراب کرنا ، مٹی ڈالنا، مٹی ڈالوانا ، مٹی عزیز کرنا ، مٹی پلید کرنا،مٹی میں مِٹی یا ماٹی میںماٹی ملنا ۔
ہماری زندگی ذہنی اورزمانی وفاداریوں سے متعلق بہت سے حوالہ زمین اورمٹی سے وابستہ ہوتے ہیں کہ وہی ہماری زندگی کی ایک بہت بڑی مادّی حقیقت ہے اورزمین ہی کوہم مٹی سے تعبیر کرتے ہیں اورخاک سے بھی ایسے بچوں کو جن کے ماں باپ نہیں رہتے موئی مٹی کی نشانی کہتے ہیں مِٹی ہوجانا گویا مٹی کے برابر ہوجانا ہے جب کوئی چیز قیمت سے بے قیمت ہوجائے یا انتہائی عاجزی اختیار کرے تواُسے مٹی ہوجانا کہتے ہیں کسی کوشش خواہش اورسعی تدبیر کاناکام ہونا بھی مٹی ہوجانا یا مٹی میں مل جانا ہے مِٹی مل جانا موت آنے کو بھی کہتے ہیں کہ وہ سب مرگل گئے مٹی میں مِل گئے اب اُن کا کیا ذکر ۔ مٹی پلیدہونا یاکرنا ذلیل کرنے کوکہتے ہیں اورذلیل ہونے کو مٹی پلید ہونا کہتے ہیں وہاں ان کی بہت مٹی پلید ہوئی یعنی ذلیل ہونا پڑا۔ جب آدمی بہت مصیبت میں ہوتا ہے اوربیمار ہوتا ہے تواس کی زندگی کی مشکلات اورتکلیفوں کو دیکھ کریہ کہا جاتا ہے کہ اللہ ان کی مٹی عزیز کرلے۔ یعنی ان کی مشکل آسان کردے۔ مٹی دینا دفن کرنے کے بعد مسلمانوں میں یہ رواج ہے کہ سب مٹھیاں بھربھر کرتیا رہونیوالی قبرمیں مٹی ڈالتے ہیں اسی کو مٹی دینا کہتے ہیں نشان قبرکو باقی رکھنے کے لئے کچھ لوگ قبروں پر مٹی ڈلواتے رہتے ہیں مٹی کی کشش کا تصوربھی موجود ہے کہ جہاں کی مٹی ہوتی ہے وہیں انسان دفن ہوتا ہے اردو کا ایک مصرعہ ہے۔ پہنچی وہیں پہ خاک جہاں کا خمیرتھا مٹی میں مٹی ماٹی میں ماٹی ملنا بھی اسی مفہوم میں آتا ہے۔
(۱۰) مٹی کا مادھو۔
بیوقوف آدمی کوکہتے ہیں کہ وہ توبالکل مٹی کا مادھو ہے یعنی اسے بالکل عقل نہیں ہے جو بھی کا م کرتا ہے بیوقوفوں کی طرح کرتا ہے۔
(۱۱) مٹی کے مول بیچ ڈالنا۔
مٹی میں مٹی مل گئی آدمی خاک تھا اورخاک کا حصہ ہوگیا مٹی کے مول بکنا یا بیچنا بہت ہی کم قیمت پربیچ ڈالنے کو کہتے ہیں مِٹی سنگوانا
|