|
.
مُنہ سے متعلق بہت سے محاورے ہیں جوسماجی رویوں اور معاشرتی نفسیات کوپیش کرتے ہیں اس میں منہ چڑھنا منہ چڑھا ہونا یعنی کسی کے لئے بہت عزیز ہونا کہ وہ ناز نخرہ کرسکے منہ آنا منہ کی ایک بیماری بھی ہے اورخواہ مخواہ دوسرے کے مدمقابل آنے کی کوشش بھی اسی لئے کہتے ہیں کہ وہ خوامخواہ میرے مُنہ آتا ہے منہ کی کھانا بدترین شکست کو کہتے ہیں کہ آخرمُنہ کی کھائی یعنی رُسوائی کے ساتھ اپنی ہارقبول کی۔مُنہ ڈھانپنا، چھُپانے کوبھی کہتے ہیں اُردُوکا ایک مشہور شعرہے۔ لحدمیں کیوں نہ جاؤں منہ چھُپائے بھری محفل سے اٹھو ایا گیا ہوں میں منہ دکھانے کے لائق نہیں رہا میرا مُنہ زبردستی بند کردیا گیا اب میں کچھ کہہ بھی نہیں سکتا حکم ہے کہ منہ بندرکھو یعنی زبان مت کھولواظہارِخیال بھی نہ کرو منہ دیکھی بات یعنی سچ بات کسی کے منہ پر نہ کہہ کرکوئی بھی جھوٹی سچی بات کہہ دینا اسی لئے کہتے ہیں کہ وہ تومنہ دیکھے کی بات کرتے ہیں جیسا موقع ہوتا ہے بات کو بدل دیتے ہیں۔ منہ بولی بہن منہ بولا بیٹا یہ گویا محبت کے رشتہ پیدا کرتاہے یا محبت سے کسی کو اپنابنانا منہ بولی مورت ایسی تصویر جو رکھی ہوئی منہ سے بول رہی ہویعنی Life Like ہومُنہ دکھائی شادی کی ایک رسم ہے جسے مُنہ رونمائی بھی کہتے ہیں اورجس میں پہلے پہل دلہن کا منہ دیکھنے والیاں کوئی نہ کوئی تحفہ یا روپیہ پیسہ پیش کرتی ہیں۔
(۳۷) منہ توڑجواب ،منہ توڑنا، منہ پھیلانا، منہ پسارنا۔
سخت جواب دینا، دلیلوں کے ساتھ جواب دینا آدمی دوسروں کی بات کو سنکر چپ ہوجاتا ہے توخود ہی بات کا رخ بدل دیتا ہے لیکن اگر برداشت کرنا نہیں چاہتا توپھر سخت جواب دینے پربھی اور اگر بات کوٹالنا یا aviodکرنا چاہتا ہے آمادہ ہوجاتا ہے اورجس لب ولہجہ میں اورجس انداز میں جواب دیتا ہے اس کو منہ توڑجواب دینا کہتے ہیں دراصل منہ توڑنا منہ پرتھپَّڑیاایسی کوئی چیز مارنا ہے جس سے سخت ضرب پہنچے گی۔ اسی لئے ہمارے ہاں یہ بھی کہتے ھیں کہ مجھ سے کہتا یا اس طرح پیش آتا تومیں اس کا منہ توڑدیتا منہ توڑجواب بھی اسی جذبہ کی ترجمانی کرتا ہے۔ ہمارے ہاں دامن پسارنا ہاتھ پسارنا اپنے لئے کچھ مانگنا ہے اسی لئے کہا جاتا ہے کہ ساری عمر توفلاں کے سامنے ہاتھ پساررہا ہے یعنی ہاتھ پھیلارہا ہے اردو کا مصرعہ ہے۔ پھیلائیے نہ ہاتھ نہ دامن پسارئیے۔ منہ پسارنا بھی اسی معنی میں آتا ہے یعنی اپنے لئے کچھ طلب کرنا اورعاجزی کے ساتھ طلب کرنا اُس کے مقابلہ میں منہ پھیلانا ناخوشی کا اظہار کرنا ہے منہ چڑھنا بھی ناراضگی کے معنی میں آتاہے جیسے ذراسی بات پراُن کا منہ چڑھ جاتا ہے۔
(۳۸) منہ درمنہ کہنا۔
کسی کے سامنے بے جھجھک کوئی بات کہنا ، صفائی سے کہنا اس سلسلہ میں منہ درمنہ ہونا بھی محاورہ ہے۔ہمارا معاشرہ کچھ اس طرح کا ہے کہ ہم پیٹھ پیچھے تو بہت کچھ کہتے ہیںبُرائیاں کرتے ہیں عیب نکالتے ہیں اور اگر ایک محاورہ کا سہار ا لیا جائے تو کیڑے نکالتے ھیں لیکن کسی کے مُنہ در منہ یعنی سامنے کچھ کہنے اور اظہارِ خیال میں کتراتے اور گھبراتے ہیں۔ اس محاورہ میں ہماری یہی تمدنی روش سامنے آتی ہے۔
(۳۹)منہ دیکھ کررہ جانا۔
یہ حیرت کی صورت میں بھی ہوتا ہے اورتمنا کی صورت میں بھی اردو کا شعر ہے۔ ذرا دیکھ اے محوآئینہ داری تجھے کس تمنا سے ہم دیکھتے ہیں
|