|
.
(۶) ناک بھوں چڑھانا۔
ناراضگی اورناخوشی کا اظہار کرنا خود ناک چڑھانا بھی نازنخرے کے ہی معنی میں آتا ہے۔ ناک پر مکھی نہ بیٹھنے دینا اپنی طبیعت کے خلاف کوئی بات برداشت نہ کرنا یہ تُنک مزاج آدمی کو کہتے ہیں جوذراسی بات پر ناخوشی کا اظہارکرتا ہے اورچیںبہ جبیں ہوجاتا ہے یعنی اس کی پیشانی پر بل پڑجاتے ہیں۔یہ سماجی رویہ ہیں جن کا تعلق انسان کے اپنے مزاج اور عادتوں سے بھی ہوتا ہے ہمارے اِن محاورات میں اِن روشوں اوررویوں ہی کو اپنے اندر محفوظ کیا ہے۔ ناک کٹنا یا ناک کاٹنا ناک رہ جانا نکوبنا یا نکوبنانا بھی ناک سے تعلق رکھنے والے محاورے ہیں ناک کٹوانا یا ناک کاٹ لینا یہ سب بے عزت ہونے یا بے عزت کرنے کے معنی میں آتے ہیں اور’’نکوبنانا‘‘ ان کے مقابلہ میں قابلِ اعتراض ٹہرانے کا عمل ہے۔ جس پر یہ محاورے روشنی ڈالتے ہیں۔بے عزت ہونے کوکہتے ہیں ناک کان دینا بے عزت ہونے کوکہتے ہیں جب آدمی کسی بات کا وعدہ کرے یا کسی کام کے کرنے کا دعوی کرے اورنہ کرسکے بے عزت ہوجائے تواسے ناک کان دیکر جانا کہتے ہیں۔ہمارے ان محاوروں سے قبائلی یا قدیم تہذیبی رویوں کی نشاندہی ہوتی ہے اوریہ ایک وقت میں جوسماج کی سوچ تھی اُس کی ترجمانی کرتے ہیں۔
(۷) ناک پرانگلی رکھ کر بات کرنا۔
نازونخرے سے بات کرنے کی ادا کوکہتے ہیں جس میں چھوٹے طبقہ کی عورتوں کا رویہ خاص طورسے شامل رہتا ہے یا پھرزنخوں کا رویہ جوناک پرانگلی رکھ کربات کرتے ہیں۔
(۸) ناک کا بال ہونا۔
بہت عزیز ہونا اورعزت کی نشانی سمجھنا اسی لئے کہا جاتا ہے کہ وہ توان کی ناک کا بال ہے اُن کے لئے وجہ عزت ہے عام طورپراب یہ محاورہ شہری سطح پربولا نہیں جاتا کیونکہ اس کے مفہوم میں ایک طرح سے کراہت کا پہلو ہے۔
(۹) نام اُچھالنا یا نام اُچھلنا،نام بدنام ہونا، نام ہونا، یانام رکھنا، نام روشن ہوناوغیرہ
یہ سب محاورے ہیں جونام سے وابستہ ہیں۔نام شہرت وعزت کوبھی کہتے ہیں۔ اسی لئے نام روشن ہونا اچھے معنی میں آتا ہے اورطنز کے طورپر اسے بُرے معنی میں استعمال کرتے ہیں تم نے باپ دادا کانام خوب روشن کیا۔ دیہات میں نامی گرامی عزت والے آدمی کو کہتے ہیں اوران لفظوں کا تلفظ تشدید سے کرتے ہیں نام اُچھلنا نام نکلنا دونوں بدنام ہونے کے معنی میں کہہ آتے ھیں نام اُچھالنا کسی کو جھوٹ سچ باتیں کر بدنام کرنے کے معنی میں آتی ہیں۔ نام ہونا شہرت پانے کے معنی میں آتا ہے۔ نام رکھناکسی پر اعتراض کرنا۔ اوربرائی میں اس کا نام لینا وہ دوسروں کوبہت نام رکھتے ہیں یا انہیں نام رکھنے کی بہت عادت ہے۔ ’’برائے نام‘‘ ہونا کسی کام کو دل لگا کر اورپورے طورپر انجام نہ دینا ایسی کسی صورت کو برائے نام بات کرنا یا کام کرنا کہتے ہیں۔کہ سب باتیں برائے نام ہیں اِن کا کوئی سنجیدہ مقصدنہیں۔
(۱۰) نام لیوا ہونا، نام کی رٹ ہونا، نام کا عاشق ہونا۔
جوشخص کسی اپنے بڑے رشتہ دار کویا دکرے یا اُس کے کام آئے وہ نام لیوا کہلاتا ہے اورجس کا کوئی نہ ہو اُس کے لئے کہتے ہیں کہ اُس کا کوئی نام لیوا بھی نہیں ہے۔ ’’نام کی رٹ ہونا‘‘ بار بار کسی کو یادکرنا اوراُس کا نام لینا نام کا عاشق ہونا کسی کو بہت عزیز رکھنا بقولِ غالبؔ۔ ہم توعاشق ہیں تمہارے نام کے
|