|
.
(۳) ہاتھ پاؤں بچانا ، ہاتھ پاؤں پھولنا، ہاتھ پاؤںسے درست ہونا
کسی کام میں ہاتھ ڈالنا اُس کام کو کرنا یا کرنے کا بیڑا اٹھانا ہے اب کام کرنے کے ساتھ یہ بھی ضروری ہوتا ہے کہ احتیاط برتی جائے تاکہ کوئی اور کسی طرح کا نقصان نہ پہنچ جائے اسی کو ہاتھ پیر بچانا کہتے ہیں ہاتھ پیر پھُولنا گھبراہٹ طاری ہونے کوکہتے ہیں۔غالبؔ کا شعرہے۔ اللہ خوشی سے میرے ہاتھ پاؤں پھُول گئے کہا جب اُس نے ذرا مرے پاؤں داب تودے ہاتھ پاؤں سے دُرست ہونا ، اچھی صحت ہونا اورہاتھ پاؤں میں کسی طرح کی خرابی نہ ہونا ہے مُردوں کوہاتھ پاؤںکی درستی اورقوت کے اعتبار سے دیکھا جاتا ہے اورعورتوں کو ناک نقشہ کی خوبی کے لحاظ سے اسی لئے جب کسی عورت یا لڑکی کو قبول صورت کہنا ہوتا ہے تویہ کہتے ہیں کہ وہ نک سک سے دُرست ہے اِس لحاظ سے یہ محاورہ گھرآنگن کی فضااور گھریلو سوچ سے تعلق رکھتا ہے۔
(۴) ہاتھ پاؤں ٹھنڈے ہوجانا، ہاتھ پاؤں چلنا۔
خوف ودہشت طاری ہونے کے لئے کہا جاتا ہے کہ مارے خوف کے مرے ہاتھ پاؤں ٹھنڈے ہوگئے کہ اب کیا ہوگا اورکیسے ہوگا؟ ہاتھ پاؤں چلتے رہنا اس حدتک طاقت قائم رہنا ہے کہ آدمی چلتا پھرتا رہے اسی لئے جب اپنے لئے دعا کرتے ہیں توکہتے ہیں کہ اللہ پاک چلتے ہاتھ پیراٹھالے۔
(۵) ہاتھ پاؤں چُھوٹنا۔
گھرآنگھن کا محاورہ ہے اوراس کے معنی ہوتے ہیں خیروعافیت سے بچہ کی پیدائش ہوجائے اس لئے کہ یہ مرحلہ بہرحال نازک ہوتا ہے تویہ دعا ایک حاملہ عورت کودی جاتی ہے کہ اللہ پاک خیریت سے ہاتھ پاؤں چھڑالے۔ یعنی یہ مرحلہ ہنسی خوشی گذرجائے۔ محاورے کی لفظیات اورنفسیات پراگرغورکیا جائے تواُس سے ہماری معاشرتی زندگی کے مختلف پہلواوراُن کے بارے میں ہماری سوچ کا سلسلہ سامنے آتا ہے۔
(۶) ہاتھ پیلے کرنا۔
ہندوؤں میں اُبٹن مل کرہاتھ پیلے کئے جاتے ہیں اوراُس کے معنی ہوتے ہیں شادی کردینا، یہ محاورہ مسلمان گھرانوں میں بھی استعمال ہوتا ہے اُبٹن کی رسم بھی مسلمان خاندانوں میں موجودہے۔
(۷) ہاتھ جھاڑکے کھڑا ہوجانا، یا ہاتھ جھاڑدینا۔
جب آدمی پیسہ ٹکے سے اپنے آپ کو خالی ظاہر کرے کہ اُس کے پاس توکچھ ہے ہی نہیں اس لئے وہ کچھ کربھی نہیں سکتا ایسے موقع پر کہا جاتا ہے کہ وہ توبالکل ہی ہاتھ پیر جھاڑ کر کھڑا ہوگیا۔ ہاتھ جھٹکنا یا دامن جھٹکنایا دوسرے کو بالکل اس کا موقع نہ دینا کہ وہ کچھ کہہ سکے سوال کرسکے مانگ سکے ہاتھ جھٹکنا یا جھٹک دینا ایسے ہی موقعوں کے لئے آتا ہے۔ اُردُو کا ایک مصرعہ ہے۔ وہ چلے جھٹک کے دامن مرے دست ناتواں سے یعنی انہوںنے مراکمزور ہاتھ جھٹک دیا اور اپنا دامن چھڑالیا۔
(۸) ہاتھ دانتوں سے کاٹنا۔
دانتوں تلے انگلی دبانا محاورہ ہے جس کے معنی ہیں اظہارِ حیرت کرنا اور دانتوں سے ہاتھ کاٹنا افسوس کرنے کے معنی میں آتا ہے یہ محاورے بھی گھریلو محاورے ہیں اوراِن پر غور کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ گھریلو محاورے اُن چیزوں سے متعلق ہیں جو بالکل سامنے کی چیزیں ہیں اُن میں ہاتھ پیر ہیں
|