|
.
ان کا استعمال بہت کم ہو تا چلا گیا ہے۔ لیکن آج بھی اُن سے پتہ چلتا ہے کہ محاوروں نے تشبیہ و استعارے یا اشارے و کنایے میں ہمارے سماجی رویّوں یا معاشرتی سطح پرعمل اور ردِعمل کو محفوظ کردیا ہے۔ ’ازار میں پہن لیا‘ یا ’ازار میں ڈال کر پہن لینا‘ اسی سلسلے کے کچھ محاورے ہیں اور سماجی طورپر اپنے خالص معنی رکھتے ہیں۔ جب کسی بات کی یا کسی شخص کی دوسروں کی نگاہ میں قدروقیمت نہ رہے، اس وقت یہ کہا جاتا ہے کہ وہ تو پائجامے میں پہن لینا چاہتے ہیں۔ اِزار میں ڈال لینے کے معنی بھی یہی ہیں۔ اِس طرح سے سماج میں جو ایک ذہنی درجہ بندی رہتی ہے ، یہ اسی کی طرف ایک اشارہ ہے۔
(۵۰) از غیبی گولا یا از غیبی دھکّا۔
مشرقی اقوام غیب کی زیادہ قائل رہیں اور ظاہر کے مقابلے میں باطن کو انہوں نے ہمیشہ زیادہ بامعنی اور پُر قوّت تصور کیا۔اس سے جہان صوفیانہ اور رُوحانی تحریکیں نیز مذہبی فلسفہ ان میں زیادہ رائج رہا۔ وہاں توہّم پرستی اُن میں افکار، خیالات اور عقائد کے اعتبار سے زیادہ رائج رہی کہ کیا خبر کس وقت کیا ہوجائے، کہاں سے کونسی آفت نازل ہو اور کس مصیبت کا سامنا کس وقت کرنا پڑے۔’از غیبی گولا‘ یا ’از غیبی دھکا‘ اسی صورتِ حال کو کہتے ہیں جب آدمی اچانک کسی آفت میں مبتلا ہوجائے، کسی مشکل میں پھنس جائے۔ زبان کے اعتبار سے بھی اگر دیکھا جائے تو یہ محاورہ عجیب و غریب ہے کہ اس میں ’از‘ کا لفظ شروع میں آیا ہے، جو سر تا سر فارسی لفظ ہے۔ لیکن اُردو والے اِسے بے تکلف استعمال کرتے تھے۔ خطوں میں ’از دہلی‘، ’از لاہور‘ یا’ از حیدرآباد‘بے تکلف طور پر لکھا جاتا تھا۔ ’از حد‘ کہہ کر حد سے زیادہ کی طرف اشارہ کیا جاتا تھا۔ ’از حد بد تمیز ہے ‘ یا ’از حد خوف ناک ہے‘ اب بھی کچھ لوگ بولتے ہیں۔ محاورے کی اس صورت نے ’از‘ کے استعمال کو عام زبان کا ایک حصّہ بنا دیا ہے اور حیرت ہے کہ ’دھکّا‘ یا ’گولا‘ جیسا لفظ ’از غیبی‘ کے ساتھ ملادیا۔ ہماری زبان کی مزاج شناسی کے لیے یہ محاورہ ایک کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
(۵۱) آس۔ آس اُمّید کو کہتے ہیں اور اُمید کے لیے کہا جاتا ہے کہ اس پر دنیا قائم ہے، یعنی اُمید نہ ہو تو پھر کچھ بھی نہیں ہو سکتا۔ اگر چہ امید کے ساتھ بھی قیامت کا اُتار چڑھاؤ رہتا ہے۔ اُردو کا ایک شعر ہے۔ اُمّیدیں باندھتا ہوں، سوچتا ہوں، توڑ دیتا ہوں کہیں ایسا نہ ہو جائے، کہیں ویسا نہ ہو جائے امیدیں ہمارے خواب ہیں، خیال ہیں، توقعات ہیں جو زندگی میں وقتاً فوقتاً، موقع بموقع ایک نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ عورت کے ہاں حمل کی حالت کو اُمید سے ہونا کہتے ہیں۔ اُردو کا ایک شعر ہے ۔ کہتے ہیں ، جیتے ہیں اُمّید پہ لوگ ہم کو جینے کی بھی اُمّید نہیں
’’اُمید آس ‘‘ہے، جو آشا کی عوامی شکل ہے اور بعض محاورات کا ضروری جزو ہے۔ ’آس
رکھنا‘ تو خیر اُمّید رکھنے کے بارے میں ہے۔ ’آس اولاد‘ اس سے آگے کی بات ہے۔ ہم
اولاد سے بھی آس رکھتے ہیں۔ اور اولاد ہم سے آس رکھتی ہے۔ یہ سلسلہ باہمی طور پر
ذہنی رشتوں کو قائم رکھتا ہے۔دعاؤں میں آس پوری کرنا بھی کہتے ہیں،پوری ہونا
بھی۔اولاد کی آس تو بہت بڑی آس ہوتی ہے اور جس کے اولاد نہ ہو اس کی تو گویا جڑ
بنیاد ہی اکھڑ جاتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس کے تو آس اولاد کچھ بھی نہیں ہے۔ بے
اولادا ہوناایک طرح کی نحوست ہے اورعورت تو اولاد نہ ہونے کی صورت میں بہت ہی
نامرادانہ زندگی گزارتی ہے۔ ’آس لگانا‘ اور’ آس رکھنا‘ بھی اسی میں شامل ہے اور ’آس
ٹوٹنا‘ یا ’آس بندھنا‘ بھی۔ ’آسرا‘ بھی اسی ذیل میں آتا ہے۔
|