|
.
(۱۱۰) اہلے گہلے پھرنا، خوش خوش ہونا
دہلی کا محاورہ ہے اورجب انسان کسی کامیابی یاخوشی کے موقع پر خوش خوش نظر آتا ہے تواہلے گہلے پھرنا کہتے ہیں یہ اس کی شخصی خوشی کا اظہارہے ۔
(۱۱۱) ایرے غیرے۔
سماجی نفسیات کی طرف اشارہ کرنیوالا ہے محاورہ غیرناآشنا یا دُورپرے کے آدمیوں کوکہتے ہیں انسانی نفسیات میں اپنے بیگانے یاقریب اور دورکے لوگوں کی تقسیم بہت واضح رہی ہے اورآج بھی ہے اسی لئے وہ ناآشنا لوگوں کواپنے قریب پسند نہیں کرتا۔ سیاست یا تجارت کے رشتوں کی بات دوسری ہے ورنہ’’ ایرے غیرے‘‘ کہہ کروہ ناآشنا اجنبیوں کا ہی توذکرکرتا ہے۔
(۱۱۲) ایسی تیسی میں جائے یا جاؤ۔
آدمی اپنی ذہنی حالتوں اورنفسیاتی کیفتیوں کا اظہار ان الفاظ یا آوازوں میں کرتا ہے ۔ سیٹی بجاتا ہے یا دوسری طرح کی آوازوں سے اپنی مختلف ذہنی کیفیتوں کی طرف اشارہ کرتاہے۔ ایسی تیسی ہونا اول فول بکنا اسی طرح کے حملوں یا آوازوں کا حصّہ ہے۔
(۱۱۳) ایک منہ ،یا ایک زبان ہونا ۔ ہزارمنہ اورہزار زبانیں ہونا۔
ایک منہ اورایک زبان ہونے ہی کا ایک دوسرا رخ ہے جتنے منہ اتنی زبانیں یہ بھی اسی سلسلے کا محاوہ ہے۔ اصل میں ایک زبان کے ہونا کے یہ معنی بھی ہیں کہ سب ایک سی بات کہیں مگر سماجی معاملات میں ایسا ہوتا نہیں ہر آدمی اپنی بات الگ سوچتا اور الگ کہتا ہے منہ سے مراد چہرہ نہیں ہے بلکہ لب وزبان ہے اب جتنے آدمی ہونگیں اتنے ہی ان کے منہ ہوں گے ان کی زبانیں ہونگیں اوران کی الگ الگ باتیں ہونگیں اسی سے سماج میں الجھنیں پیدا ہوتی ہیں کہ کوئی کچھ کہتا ہے توکوئی کچھ کہتا ہے اوریہی ذہنی خلفشار اورگفتگو میں مقصدیت کے لحاظ سے انتشار کاباعث ہوتا ہے۔
(۱۱۴) اینڈااینڈا پھرا نا، ڈولنا۔
اہلا گیلا پھرنے ہی کوکہتے ہیں اوراس میں شخصی نفسیات کوزیادہ دخل ہوتا ہے اورجماعت کوکم لیکن اینڈی بیڈی باتیں کرنا دوسری بات ہے یہ وہی صورت ہے جس کو ہم اوٹ پٹانگ بات کرنا کہتے ہیں یا غلط سلط باتیں کرنے کا رویہ جوسماجی طورپر بہت لوگوں میں ہوتاہے۔ اینڈی بینڈی چال بھی اسی مفہوم میں آتا ہے اس لئے کہ آدمی کی چال بلکہ خود جانورکی چال اس کی ذہنی حالتوں کوظاہر کرتی ہے۔ تیز چلنا ایک الگ مفہوم رکھتا ہے آہستہ خرامی کا مطلب الگ ہے اوراینڈی بینڈی چال دوسرے ہی معنی رکھتی ہے۔
٭٭٭
|