|
ردیف ’’ب‘‘
(۱) بات اٹھانا، بات الٹنا یا الٹ دینا، بات بنانا، بات اونچی کرنا، بات نیچی ہونا، بات کا بتنگر بنانا، بات بات میں ذکرکرنا، اعتراض کرنا،بڑھ گئی بات بات کچھ بھی نہ تھی۔ بات کا سراپانا، بات کاسِرا ملنا، جتنے منہ اتنی ہی باتیں ۔بات بدلنا، بات بڑھنایابڑھانا، بات بڑی کرنا، بات بگاڑنا یابگاڑدینا، منہ سے نکلی بات کوٹھوں چڑھتی ہے ، بات لگانا، بات میں سے بات نکالنا، بات نہ کرنا وغیرہ۔
گفتگو ہمارے معاشرتی رویوں کا بہت بڑا حصہ ہے ہمارے بہت سے معاملات ومسائل بات چیت کے غلط رخ یا رویہ کی بدولت بگڑجاتے ہیںاور بات ہی سے سنورتے ہیں کہا سنی، گالی گلوچ ،برا بھلا،لڑائی جھگڑا، تناتنی آخر ہمارے معاشرتی رویہ ہیں جن کی بنیاد اکثر بات چیت سے پڑتی ہے ہم کہیںنہ کہیں گفتگو کے طریقہ سلیقہ میں غلط ہوجاتے ہیں بات آگے بڑھتی ہے غلط رخ پر آجاتی ہے بلکہ بات کا بتنگڑبن جاتاہے۔ ہم غلط طورپر اپنی بات کا پچ بھی کرتے ہیں یعنی اپنی بات کو بڑا ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں اس میں غلط اورصحیح مناسب اور نامناسب کی حدود کو اکثرنظر انداز کرجاتے ہیں اوربات کہیں سے کہیں پہنچ جاتی ہے بہرحال ہماری معاشرتی اورسماجی زندگی میں جوپریشانیاں ذہنی الجھنیں شکر رنجیاں اور(دوستانہ تعلقات کا بگاڑ) اورعزیزانہ رشتوں میں گرہ پڑنا یہ سب گفتگو کے الفاظ سلیقہ اورطریقہ پر قابو نہ رھنا ہوتا ہے بعض لوگوں کو صحیح الفاظ آتے بھی نہیں بعض جلدی میں غلط سلط بات کہہ جاتے ہیں اوراس سے زیادہ بُرا یہ ہوتا ہے کہ اپنی غلطی پر اڑجاتے ہیں اوردس باتیں اوربُری ہوجاتی ہیں اوربات کو بڑھ کر جہاں نہیں پہنچنا چاہیے وہاں پہنچ جاتی ہے اورپھر سنبھالنا مشکل ہوجاتا ہے ۔بات کو سنبھالنا ہر آدمی کے بس میں ہو تا بھی نہیں درگذر کرنا ایک اچھا رویہ ہے لیکن مناسب حدتک ہی برداشت کرنا چاہےئے نامناسب حدتک بات کو پہنچانا یوں بھی صحیح نہیں ہوتا۔ توازن برقرار رکھنا چاہئے۔ کبھی کبھی بات اتنی پھیلتی بگڑتی اوراُلجھتی ہے کہ بات کا سرا نہیںملتا کہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ اصل مسئلہ کیا تھا، اورکیوں تھا اورکیسے تھا، بات کا سِرا پکڑنے کی کوشش ہم اکثر کرتے بھی نہیں اِس سے بھی بات الجھتی ہے اوراس کا سَمٹانا یا معاملہ سے اپنی ذمہ داریوں کے ساتھ باہر آنا مشکل ہوجاتا ہے۔ بہ حیثیت مجموعی سماج کو سمجھنا ماحول کا جائزہ لینا اورصورتِ حال کا تجزیہ کرنا ایک بہت ضروری امرہے جس سے ہم خوبصورتی کے ساتھ عہدہ بَرا ہونا بڑی بات ہوتی ہے۔ معاملہ کے تقاضوں کا خیال کرنا مسئلے کے ضروری پہلوؤں پر نظر رکھنا بات کے بے تکے پن سے بچنا سچ یہ ہے کہ بہت سی سماجی برائیوں سے بچنا ہے اوربہت سی الجھنوں سے نجات پانے کی کوشش ہے۔
(۲) بارہ باٹ کرنا یاہونا۔
بارہ باٹ کرنا تیتربترکرنے کو کہتے ہیں جس کے بعد جمع آوری مشکل ہوجاتی ہے اور آدمی کچھ کرنہیں پاتا سارا کنبہ بارہ باٹ ہوگیاہے۔
|