|
ردیف (چ)
(۱)’’چادراُترنا یا اُتارنا۔‘‘
چادر ہمارے یہاں احترام کی علامت ہے اور ہماری کئی سماجی رسمیں ہیں جوچادرکی اہمیت کی طرف اشارہ کرتی ہیں کہ ہمارے سماجی مسائل اور معاملات میں چادر کے کیا معنی ہیں۔ چادر اوڑھانا، چادر ڈالنا ، چادر پیش کرنا۔ ہم جب بزرگانِ دین کے مزارات پر حاضرہوتے ہیں تومزار پوشی کے لئے چادر پیش کرتے ہیں کپڑے کی چادر کے علاوہ پھولوں کی چادر بھی پیش کی جاتی ہے خاص طورپر مزارات اولیاء کی مزار پوشی کے لئے پھولوں کی چادر بھی چڑھائی جاتی ہے۔ چادر اترنے کے معنی ہوتے ہیں عزت کے سایہ کا ختم ہوجانا خاندان کے بعض لوگ خاندانی عزت کا سبب ہوتے ہیں اُن کی وجہ سے کنبہ کا وقار بنا رہتا ہے اورجب وہ نہیں رہتے تویہ کہا جاتاہے کہ خاندان کی چادر اترگئی۔ اِس کے یہ معنی ہیں کہ چادر عزت ووقار کے لئے ایک علامت ہے ۔
(۲)’’چار آنکھیں ہونا یاچار چشم ہونا‘‘
جب آدمی ایک دوسرے کو دیکھتے ہیں اورآنکھ ملاکر دیکھتے ہیں تواس کوچار آنکھیں ہونا کہتے ہیں آنکھیں چار ہوگئیں یعنی اُن کو دیکھا اُن سے ملاقات ہوئی ۔ اُس کے مقابلہ میں چارآنکھوں کی ہونا۔ایک دوسرا محاورہ ہے۔ اوراس کے معنی ہیں اپنے آپ کو بری چیز سمجھنا کہ وہ توچار آنکھوں کی ہورہی ہیں ’’چار چاندلگنا‘‘،خوبصورتی آجاناکہ اس سے توکتاب کو اس کی شخصیت کو یا اس عمارت کو چار چاند لگ گئے،، ایک ہی چاند ٹپکے ، جُھومر یا خوبصورتی پیشانی کے باعث اگر اتنا اچھا لگتا ہے کہ اُس کو ’’نیوفون‘‘ کہتے ہیں تو چار چاند لگنے پر حُسن کتنا دوبالا ہوجاتا ہے چار ابرو کا صفایا مردوں کے لئے ہے عورتوں کے لئے نہیں جب سر کے بال ، بھنوئیں، مونچھیں اور داڑھی سب کو اُسترے سے مونڈ دیا جاتا ہے تو اُسے چار ابرو کا صفایا کہتے ہیں۔ ہندوؤں میں موت کی رسموں کے سلسلے میں ایک رسم یہ بھی ہے کہ میت کا بڑا بیٹا اپنی چار ابروؤں کی موڑائی یا صفائی کروا دیتا ہے یہ دہلی اور لکھنؤ کے پانکوں کی ایک ادا بھی رہی ہے کہ وہ چار ابروؤں کا صفایا کروا دیں اس معنی میں چارکا عدد ایک تہذیبی اہمیت بھی رکھتا ہے اور ہمارے معاشرے کی مختلف روشوں پر اُس سے روشنی بھی پڑتی ہے۔ ’’چار چندے اگلی ‘‘ہے یعنی چار گنا اچھی ہے یہ بھی اسی سلسلے کا ایک محاورہ ہے ۔’’چاریار بھی‘‘ محاوراتی سطر پر استعمال ہوتا ہے۔
(۳)’’ چال چلنا ،چال میں آنا‘‘
چال چلنے سے بنا ہوا ایک محاورہ ہے چال دوکانوں اور مکانوں کے ایک خاص طرح کے سلسلہ کو بھی کہتے ہیں یہ خاص طور پر ممبئی میں استعما ل ہوتا ہے۔لیکن ’’چال‘‘ شطرنچ کی ایک اصطلاح بھی ہے اور شاید وہیں سے چال چلنا اُردو کا محاورہ بنا ۔ اُس کے معنی ہیں دوسروں کو شکست دینے کے لئے کوئی ترکیب استعمال کرنا۔ شکست دینے کے معنی راستہ روک دینا بھی ہے ۔ مات کرنا بھی اور مات دینا بھی یعنی ہرا دینا چال میں آجانا اسی سلسلے کا محاورہ ہے یعنی دوسرے کی مکاری اور چالاکی کے پھندے میں پھنسنا اسی کو چال میں آجانا کہتے ہیں۔
|