|
.
(۲۳)’’چیتھڑے بکھیرنا یا اُڑانا‘‘ چیتھڑے چیتھڑے کردینا۔
معروف محاورات میں سے ہے ’’چیتھڑے ‘‘ایسے کپڑوں کو کہتے ہیںجو گھِس کر پھٹ گئے ہوںبالکل جھِری جھِری ہوگئے ہیں جسے مغربی یوپی میں جھیرجھیرہونا یا لھیرلھیرہونا بھی کہتے ہیں اوراس سے مُراد یہ ہے کہ کسی بات کو کسی پروگرام کویا عزت آبرو کو بُری طرح خاک میں مِلا دینا۔کسی خیال کی شدید مخالفت کرنا کہ اُس نے فلاں بات فلاں دعویٰ یا دلیل کے چیتھڑے اُڑادےئے سماج میں اس طرح کی صورتِ حال کا پیش آنا بہت بے عزتی کی بات ہوتی ہے اورایسے ہی موقعوں پرکہتے ہیں کہ اُس کے چیتھڑے اڑگئے۔اوربات بگڑگئی۔
(۲۴)’’چیل کی طرح منڈلاتے پھرنا۔یاچیل کو وّںکی طرح منڈلانا‘‘
جب آدمی کوکسی بات کا لالچ ہوتاہے تووہ اس موقع کی تلاش میں رہتا ہے کہ وہ کب اورکس سے کیا جھپٹ لے ۔ چیل جھپٹا بچوں کا ایک کھیل بھی ہے اورچیل کی طرح جھپٹا مارنا اورموقع سے فائدہ اُٹھانا سماج کا ایک رویہ بھی ہے۔ اورچیل جھپٹا مارنے سے پہلے منڈلاتی ہے چکّرلگاتی ہے۔ اسی لئے چیل کووّں کی طرح منڈلانا بھی کہتے ہیں جوکسی کے لالچی طریقہ کا کپڑا ایک طرح کا طنزہوتاہے اورہمارے زیادہ محاورے اگردیکھا جائے توطنز اورتبصرہ ہی ہوتے ہیں۔
(۲۵) ’’چیں بولنا یا بُلوانا۔‘‘
عجیب وغریب محاورہ ہے اورجس کے معنی ہوتے ہیں دوسرے کوبے طرح دبادینا کہ وہ پناہ مانگنے پر مجبور کردینا یہ جانداروں کے لئے بھی بولا جاتاہے اورغیر جانداروں کے لئے بھی جیسے ایسی مُوسلادھاربارش ہوئی یا طوفانی مینہ برسا یہ اچھی اچھی عمارتیں چیں بول گئیں یا انہوںنے اِس بُری طرح اُن کی خبرلی کہ وہ چیں بولنے پر مجبورہوگئے یا اُن سے چیں بُلوادی اگردیکھا جائے تویہ بھی ہمارے سماجی رویوں پر بھی تبصرہ ہیں۔ کبھی اتنی ذورزبردستی ہوتی ہے کہ اچھے اچھے اُس صورتِ حال کا مقابلہ نہیں کرپاتے۔
(۲۶)’’چیونٹی کے پرنکلے ہیں۔‘‘
یہ محاورہ بھی بہت دلچسپ اورمعنی خیزہے۔ چیونٹی کاذکر توہمارے روایتی قصوں میں آتا رہاہے لیکن چیونٹی کے پرنکل آنا ایک بڑے طنز کا درجہ رکھتا ہے یہ کہاجاتاہے کہ جب چیونٹی کی موت قریب آتی ہے تواُس کے پرنکل آتے ہیں یہ ایک طرح پر خطرہ کا اعلان بھی ہے۔ لیکن اس سے ہمارے معاشرے میں ایک دوسرے ہی مفہوم کو اخذکیا کہ اب چیونٹی کے بھی پرنکل آئے وہ بھی اُڑنے لگی اوراِس کے معنی یہ ہیں کہ وہ نادانستہ اپنے لئے نقصان اورتباہی کے راستہ پربڑھ رہی ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارے محاوروں میں کیا کچھ کیا گیا ہے اورکیسی کیسی صورت حال کی طرف اشارہ کیا گیا ہے۔
|