|
ردیف’’خ‘‘
(۱) خار رکھنا، خارگزرنا۔
خارکانٹے کوکہتے ہیں اورکانٹے کی خصوصیت چُبھنا اور شدید اذیت کا احساس پیداکرناہے۔ یہ ُاس کی فِطری خوبی ہے لیکن اُسی سے محاورے کے معنی پیدا ہوگئے اورخارکھانا خارکی طرح کھٹکنا اورخارگزرنا محاورات بن گئے کہ یہ صُورت ناگواری کا باعث ہوتی ہے وہ آدمی بُرا لگتا ہے اوراِس معنی میں وہ خارکی طرح کھٹکتا ہے اوراُس کا موجود ہوناخارگزارتاہے یہ ہماری سماجی نفسیات کاحصّہ ہے اور یہ احساس دلاتاہے کہ لفظ اپنے معنی کے اعتبار سے لغت کاحصّہ ہوتاہے۔ لیکن جب تک اُس کے مُرادی معنی نہ ہوں وہ محاورہ نہیں بنتا، محاورہ ایک طرح کا ذہنی مفہوم رکھتاہے جولغوی معنی سے الگ ہوتاہے اور تہذیب وسماج سے اُس کا رشتہ نسبتاًگہرا ہوتاہے ۔
(۲)خاص خاص ،خاص محل،خاص اورخاصہ وغیرہ۔
اس کے معنی ہوتے ہیں ’’مختص‘‘لیکن یہ لفظ کچھ خاص معنی میں بھی استعمال ہوتاہے۔جیسے ’’دیوانِ خاص‘‘ (لال قلعہ) اِس کے علاوہ مغل دورمیں بادشاہوں کاجوشخض خط بناتا تھا اوربال کاٹتاتھا وہ خاصہ تراش کہلاتاتھا علاوہ بریں بادشاہ کے اپنے لئے یاکسی امیر کے لئے جوخاص کھانا تیارہوتاتھا وہ خاصہ کہلاتاتھا۔ بیگمات شاہی کو جو خطابات عطاہوتے تھے اُن میں زینت محل ،ممتاز محل جیسے خطابات کے ساتھ خاص محل بھی ہوتاتھا۔ یہ سب محاورات کے ذیل میں نہیں آتے اس لئے کہ اِن کے جوبھی معنی ہیں وہ لغت کے اعتبار سے ہیں محاورے کے اعتبار سے نہیں۔
(۳)خاطرمیں رکھنا،خاطرمیں لانا، یانہ لاناوغیرہ۔
خاطر طبیعت کوکہتے ہیں جوباتیں طبیعت کے لئے ناگواری کاباعث ہوتی ہیں وہ ناگوارِ خاطر کہلاتی ہیں کچھ باتیں طبیعت کے لئے ایک گُوناں پریشانی کا باعث ہوتی ہیں وہ غبارخاطر کہلاتی ہیں ابوالکلام آزاد کے ایک مجموعہ خطوط کانام ’’غبارِ خاطر‘‘ ہے ہم جب دوسرے کوخوش آمدید کہتے ہیں تووہ اس کی خاطر ومدارات کرتے ہیں تووہ خاطر داری کہلاتی ہے۔ اس کے معنی خیال خاطر کے بھی ہیں بقولِ میرانیسؔ خیالِ خاطرِ احباب چاہےئے ہردم انیس ٹھیس نہ لگ جائے آبگینوں کو خاطر نشان ہونا دل میںبیٹھ جانا ہے۔ اسی کو دل نشیں ہونا بھی کہتے ہیں۔ خاطر خواہ کے معنی ہوتے ہیں حسبِ پسندہونا ہم کسی کوجب توجہ اورتحسین کے لایق سمجھتے ہیں توگویا اُس کو خاطرمیں لاتے ہیں ۔اورجب قابلِ اعتناء نہیں سمجھتے توگویا خاطر میں نہیں لاتے۔
(۴) خاک اڑانا،خاک ڈالنا، خاک چھاننا، خاک چاٹنا، خاک ہوجانا، خاک پھاکنا، خاک میں ملنا وغیرہ۔
خاک ہمارے یہاں مٹی کوکہتے ہیں جوہماری زمین کا بہت بڑا مادی عنصرہے ۔زمین میں جو چیز گِرپڑجاتی ہے وہ زمین ہی کا حصّہ بن جاتی ہے۔ خاک ہوجاتی ہے یا خاک میں بدل جاتی ہے۔ اِس کے معنی یہ ہیں کہ اب اُس کا اپنا وجود باقی نہیں رہا وہ خاک کے برابر ہوگئے۔۔
|